پانچ سال تک کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ترجیح ہے، ڈی سی لاہور
09-22-2026
(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت پولیو مہم کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پولیو مہم کی فیلڈ کوریج اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز، سی ای او ہیلتھ، عالمی مبصرین، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے شرکت کی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور فیلڈ کوریج سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر عالمی مبصرین نے لاہور میں پولیو فیلڈ ورکرز کی کاوشوں کو سراہا، ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پولیو مہم کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا اولین ترجیح ہے، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ہیلتھ افسران فیلڈ میں پولیو کوریج کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور کو پولیو فری بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پولیو کے خاتمے کیلئے فیلڈ ٹیموں کی کاوشیں جاری رہیں گی۔