آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات
09-21-2026
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔
ملاقات کے دوران مرحوم کانسٹیبل فرحان طارق کے والد نے بیٹے کے بقایاجات کی ادائیگی کی درخواست کی، جس پر آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو معاملہ زیرِ غور لانے کی ہدایت کی۔ ہیڈ کانسٹیبل محمد افضل کی اہلیہ کے علاج کے لیے طبی مالی امداد کی درخواست پر بھی متعلقہ افسر کو ہدایات جاری کی گئیں،جبکہ ہیڈ کانسٹیبل محمد سیفل کی طبی مالی امداد کی درخواست پر بھی ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر کو کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ٹریفک اسسٹنٹ ارسلان علی کی سرکاری رہائش کی فراہمی سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو معاملہ زیرِ غور لانے کا حکم دیا گیا، نائب قاصد علی رضا کی ٹرانسفر اور نائب قاصد اقصیٰ جبین کی تبادلے سے متعلق درخواستوں پر بھی آئی جی پنجاب نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے اور پولیس ملازمین و ان کے اہلخانہ کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔