عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست منظور

09-21-2026

(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فلک جاوید سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔

  لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست پر سماعت کی، عظمیٰ بخاری کی جانب سے علی زاہد بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے حقائق کے منافی ہیں، ٹرائل کورٹ نے درخواست گزار کا مؤقف درست انداز میں نہیں سنا۔ وکیل علی زاہد بخاری نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار صوبائی وزیر ہیں اور انہیں ایک مذہبی تنظیم کی جانب سے تھریٹ ہے، انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت دی جائے اور عدالت ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فلک جاوید سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے اور جواب طلب کر لیا۔