جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس انتقال کر گئے

09-21-2026

(ویب ڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس شدید علالت کے باعث انتقال کر گئے۔

جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس چند ہفتوں سے شدید علیل تھے، مرحوم کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان  نے حافظ محمد ادریس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی، سیاسی اور تحریکی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں  نے بھی حافظ محمد ادریس کی رحلت پر غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور پس ماندگان کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ حافظ محمد ادریس کا شمار جماعت اسلامی پاکستان کی ان قد آور اور جید شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں  نے اپنی پوری زندگی اقامتِ دین، دعوتی و سیاسی جدوجہد اور نظریاتی بیداری کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ وہ ایک طویل عرصے تک جماعت اسلامی کے نائب امیر کے اہم عہدے پر فائز رہے، اس کے علاوہ انہوں  نے مرکزی قیم (سیکرٹری جنرل) اور پنجاب کے امیر سمیت مختلف کلیدی انتظامی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ وہ ایک ممتاز عالم دین، شعلہ بیان مقرر اور مصنف تھے، انہوں نے قرآن، حدیث اور سیرتِ طیبہ کے موضوعات پر متعدد کتب تحریر کیں اور دینی و فکری خطبات کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت کی۔ وہ اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی ارکان میں شامل رہے اور اپنے دورِ شباب سے ہی تحریکِ اسلامی کا ایک مضبوط ستون سمجھے جاتے تھے۔