لاہور سمیت پنجاب کے 13 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

09-21-2026

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے 13 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

لاہور میں مہم کے دوران 20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے، شہر کے علاوہ پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی پولیو ٹرانزٹ ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ سفر کرنے والے بچوں کو بھی ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انسدادِ پولیو حکام کے مطابق زیادہ خطرے اور زیادہ نقل و حرکت والے علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے، لاہور میں انسدادِ پولیو مہم سات روز تک جاری رہے گی، جبکہ دیگر اضلاع میں مہم چار روز تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران گھروں کے علاوہ ٹرانزٹ پوائنٹس اور ہسپتالوں میں بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، سفر کرنے والے بچوں تک رسائی کیلئے اہم ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی پولیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ انسدادِ پولیو پروگرام کے سربراہ خالد پرویز کے مطابق مہم کے دوران 77 ہزار سے زائد ورکرز خدمات انجام دیں گے، موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی، جبکہ متحرک آبادی والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ خالد پرویز نے ہدایت کی کہ کوئی بچہ سفر میں ہونے کی وجہ سے پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے، ان کا کہنا تھا کہ ترجیح واضح ہے کہ پنجاب کے ہر اہل بچے تک پولیو ویکسین کی دو بوندیں پہنچائی جائیں۔