لاہور سمیت پنجاب بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ، سنائپرز بھی تعینات کرنے کا فیصلہ

09-20-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ، آئی جی پنجاب کی ہدایت پر تقریبات کے دوران عبادت گاہوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔

آئی جی پنجاب  نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو گرجا گھروں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر گرجا گھروں اور دیگر اہم و حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ ضرورت کے مطابق سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں، انہوں نے ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) اور ایلیٹ فورس کو گرجا گھروں کے اطراف مؤثر گشت جاری رکھنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیوٹی پر مامور تمام افسران اور اہلکار مکمل چوکس رہیں، شرپسند عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائیں۔  آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ گرجا گھروں اور دیگر حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔