افغانستان میں موجود دہشتگرد بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہا رہے ہیں: طاہر اشرفی
09-20-2026
(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہا رہے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت میں ازبکستان کے صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ قومی پیغام امن کمیٹی ملک بھر میں امن، محبت، رواداری، باہمی احترام اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی نے ملک بھر میں امن، محبت، رواداری اور بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام عام کیا ہے۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مضبوط قومی بیانیہ اجاگر کیا، جبکہ پاکستان کے علماء و مشائخ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتے ہیں۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ علماء و مشائخ نے خودکش حملوں، بم دھماکوں اور بے گناہ افراد کے قتل کے خلاف صفِ اول میں فتاویٰ دیے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان پاکستان کا پڑوسی ملک ہے اور پاکستان نے 40 سال سے زائد عرصے تک افغان عوام کی میزبانی کی، افغانستان میں موجود دہشت گرد پاکستان میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان علمان کونسل نے کہا کہ کوہاٹ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے میں حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، یہ سوال اہم ہے کہ افغانستان سے دہشت گرد پاکستان آکر ہمارے بچوں اور بے گناہ شہریوں کو کب تک نشانہ بناتے رہیں گے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک اور عالمی برادری کو صورتحال پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا، پاکستان امن چاہتا ہے، تاہم اپنے شہریوں کی جان و مال اور قومی سلامتی کا تحفظ بھی اس کا بنیادی حق اور ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کا مرکز ہے، مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد ملک میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔