لیوی کا بھتہ ختم ہونے سے ہی عوام کو ریلیف ملے گا، حافظ نعیم الرحمن

09-19-2026

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لیوی کا بھتہ ختم ہونا بہت ضروری ہے، اس کے نتیجے میں عوام کو ریلیف ملے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا واضح ایجنڈا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پٹرولیم لیوی ختم کرنا ہے، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے علاوہ دیگر ٹیکس بھی وصول کئے جا رہے ہیں، جس سے عوام پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت کے مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے کئی ادوار ہو چکے ہیں اور حکومت کی جانب سے دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کی جا رہی ہے، اگر حکومت کوئی ٹھوس پروپوزل لے کر آتی ہے تو اس پر بات کی جائے گی، حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان حالیہ مذاکرات میں لیوی کے خاتمے پر اتفاق نہیں ہو سکا۔   امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے جس کے نتیجے میں روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مہنگی ہوتی ہیں، انہوں نے کسانوں کو درپیش مسائل اور توانائی کی قیمتوں پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ حافظ نعیم الرحمن نے آئی پی پیز اور کپیسٹی پیمنٹس سے متعلق بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ حکومت کو اپنے اخراجات اور مراعات میں کمی کرنی چاہئے، انہوں نے سرکاری عہدیداروں کے بیرون ملک دوروں اور دیگر اخراجات پر بھی اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے جاری ہیں اور جماعت اسلامی نے آئندہ کے احتجاج کیلئے مختلف منصوبے تیار کر رکھے ہیں، احتجاج پرامن اور عوامی مسائل کیلئے کیا جا رہا ہے، جماعت اسلامی نے 20 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کا اعلان پہلے ہی کر رکھا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے دیا جانے والا موجودہ فیول ریلیف ان کے نزدیک عوامی مسئلے کا مستقل حل نہیں، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی واپس لی جائے اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں اور قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔