ذاتی مفاد کیلئے سرکاری عہدے کا استعمال، 3 کسٹمز اہلکار گرفتار

09-19-2026

(لاہور نیوز) شہریوں سے فراڈ کی دو مختلف شکایات پر قلعہ گجر سنگھ اور سول لائنز کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار تینوں ملزمان کسٹمز کے حاضر سروس ملازمین ہیں، چوکی بی بی پاک دامن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شکیل، غلام رسول اور عبداللہ کو گرفتار کیا، ملزمان پر الزام ہے کہ وہ ذاتی مفاد کیلئے کسٹمز اہلکار بن کر شہریوں سے فراڈ کرتے تھے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کرائے کی گاڑی پر نیلی لائٹ لگا کر سامان سے بھری گاڑیوں کو روکتے تھے، چیکنگ کے بہانے ڈرائیورز کو گاڑی میں بٹھا کر کسٹمز آفس لے جانے کا جھانسہ دیا جاتا، جبکہ اسی دوران ان کا ساتھی سامان سے بھری گاڑی لے کر فرار ہو جاتا تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں وارداتوں میں مجموعی طور پر 41 لاکھ روپے مالیت کا سامان ہتھیایا گیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے مبینہ طور پر ہتھیایا گیا کپڑا بھی برآمد کرلیا گیا، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ سرکاری عہدے یا شناخت کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنا کسی صورت قبول نہیں اور شہریوں سے فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔