ایم ڈی کیٹ 2026ء کل، 49 ہزار 201 امیدوار امتحان دیں گے

09-19-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں ایم ڈی کیٹ 2026ء کا امتحان کل صوبے کے 15 شہروں کے 31 امتحانی مراکز میں ہو گا، جس میں مجموعی طور پر 49 ہزار 201 امیدوار شریک ہوں گے۔

امتحان کیلئے پولیس، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور ریسکیو اداروں کی جانب سے سکیورٹی و انتظامی اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں، لاہور میں ایم ڈی کیٹ کیلئے 6 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں، جہاں 12 ہزار 30 امیدوار امتحان دیں گے، ان میں 9 ہزار 150 طالبات اور 2 ہزار 880 طلبہ شامل ہیں۔ لاہور کے امتحانی مراکز میں پنجاب یونیورسٹی ایگزامینیشن ہال وحدت روڈ میں 4 ہزار 400 طالبات، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ایک ہزار 600 طالبات اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ میں ایک ہزار 624 طالبات امتحان دیں گی۔ ڈویژنل پبلک سکول ٹاؤن شپ میں 881 طلبہ، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے لارنس روڈ ایگزامینیشن ہالز میں 2 ہزار طلبہ جبکہ کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کیمپس ڈیفنس روڈ میں ایک ہزار 525 طلبہ و طالبات ایم ڈی کیٹ میں شریک ہوں گے۔ تمام امتحانی مراکز میں امیدواروں کے داخلے اور اخراج سمیت امتحانی ہالز کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے ایم ڈی کیٹ مراکز کی 24 گھنٹے نگرانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جبکہ مراکز پر امیدواروں کی نادرا بائیومیٹرک تصدیق ہو گی۔ نئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز  نے لاہور کے مختلف ایم ڈی کیٹ مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی انتظامات، سکیورٹی اور امیدواروں کیلئے سہولیات کا جائزہ لیا۔ پنجاب بھر میں ایم ڈی کیٹ کیلئے تقریباً 3,700 نگران اور سپروائزری اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہو گی جبکہ واک تھرو گیٹس، سکینرز اور سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق امتحانی مراکز میں امیدواروں کا داخلہ صبح 7:30 بجے شروع ہو گا، جبکہ صبح 9 بجے مراکز سیل کر دیئے جائیں گے، امیدواروں کو مقررہ وقت سے پہلے امتحانی مرکز پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام امتحانی مراکز پر پولیس، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور ریسکیو اداروں کی جانب سے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔