جنوبی پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی ، 25 لاکھ سے زائد افراد مستفید
09-19-2026
(لاہور نیوز) جنوبی پنجاب کے چار اضلاع خوشاب، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور بہاولپور میں شہریوں کو گھر کی دہلیز پر صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، جس سے اب تک 25 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں سی ای او پنجاب صاف پانی اتھارٹی ذوالفقار بھون نے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چاروں اضلاع میں جولائی سے اب تک صاف پانی کی بلا تعطل گھر گھر فراہمی جاری ہے اور اب تک 392,086 خاندانوں کو ان کی دہلیز پر صاف پانی فراہم کیا جا چکا ہے، پانی کی فراہمی کیلئے 1,553 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس سے 1,638 گاڑیوں کے ذریعے سروس جاری ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق واٹر ڈسٹری بیوشن کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے اور شہریوں کو صاف پانی تک آسان رسائی کی فراہمی کے اہداف مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں، صاف پانی کے منصوبوں میں غفلت اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں، افسران اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دیں۔ اجلاس میں سی ای او پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے بتایا کہ صوبہ بھر کے فلٹریشن پلانٹس کو ڈیجیٹل ڈیش بورڈ سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ تمام فلٹریشن پلانٹس کو ایک منفرد ڈیجیٹل کوڈ بھی دیا جائے گا، جس سے ان کی نگرانی اور کارکردگی کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے زیر تعمیر اور زیر بحالی فلٹریشن پلانٹس کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی سے متعلق تمام منصوبوں پر پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے اور شہریوں کو سہولت کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہ کی جائے۔