سموگ تدارک:سیف سٹیز اتھارٹی کا جدید ٹیکنالوجی سے کریک ڈاؤن ،1327 گاڑیوں کی نشاندہی
09-19-2026
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا سموگ کے تدارک کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کریک ڈاؤن جاری ہے، اے آئی بیسڈ کیمروں، ڈرونز اور ورچوئل پیٹرولنگ کے ذریعے 3 روز میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں کے 1327 کیسز کی نشاندہی کی گئی۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 637 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 390 کو جرمانے جبکہ 146 کو وارننگ جاری کی گئی۔ دھواں چھوڑنے والی 507 گاڑیوں کی نشاندہی پر 406 گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ 29 کو وارننگ جاری کی گئی۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے 756 ای چالان بھی جاری کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق بار بی کیو کے دھوئیں اور چمنیوں سے متعلق 120 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 4 پر جرمانے جبکہ 100 کو وارننگ جاری کی گئی۔ بھٹوں سے دھوئیں کے اخراج کے 54 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 3 پر جرمانے کیے گئے، ایک بھٹہ سیل جبکہ 21 کو وارننگ جاری کی گئی۔ ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے اور ویسٹ برننگ کے واقعات کی بھی سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے نگرانی جاری ہے۔ پنجاب بھر میں قائم سمارٹ سیف سٹی سنٹرز کے ذریعے ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ ترجمان سیف سٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سموگ پھیلانے والی سرگرمیوں کی اطلاع ہیلپ لائن 15 یا پبلک سیفٹی ایپ کے ’’کنیکٹ ٹو پی ایس سی اے‘‘ فیچر کے ذریعے دیں۔