وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کا افتتاح کر دیا

09-18-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور ایکسپو سینٹر میں پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کا افتتاح کر دیا۔

تین روزہ آٹو شو میں ملکی و غیر ملکی آٹو موبائل کمپنیوں اور صنعت سے وابستہ اداروں کی بھرپور شرکت جاری ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹو موبائل انڈسٹری سے منسلک صنعتکاروں اور ماہرین سے ملاقات کی اور قومی معاشی ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا، آٹو موبائل انڈسٹری سے وابستہ ماہرین  نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صنعتی و ٹیکنالوجی ویژن کو سراہا۔ الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کے نمائندگان اور انتظامی افسران  نے گرین ٹیکسی اور وزیراعلیٰ بائیک سکیم کو سراہتے ہوئے انہیں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ سے متعلق اہم اقدامات قرار دیا، ٹریکٹر ساز انڈسٹری کے نمائندگان اور مالکان  نے گرین ٹریکٹر سکیم کے اجرا کو بھی سراہا، ان کا کہنا تھا کہ اس سکیم سے مقامی ٹریکٹر سازی کی صنعت کو فروغ ملا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹو شو میں مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور الیکٹرک گاڑیوں، جدید کاروں، موٹرسائیکلوں اور جنریٹرز کا معائنہ کیا، انہوں  نے الیکٹرک ایمبولینس میں بھی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ  نے سوزوکی کمپنی کے بائیو گیس ماڈل کا جائزہ لیا جبکہ ہونڈا، سوزوکی اور دیگر کمپنیوں کے سٹالز پر غیر ملکی ماہرین سے ملاقات کرکے مصنوعات اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات حاصل کیں، انہوں  نے میڈ اِن پاکستان مصنوعات کے معیار کو بھی سراہا۔ PAAPAM کے چیئرمین ، چیف آرگنائزر اور دیگر عہدیداران  نے وزیراعلیٰ کو آٹو شو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ایکسپو سینٹر کے چار ہالز میں جاری پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 میں مجموعی طور پر 150 نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں 44 بین الاقوامی اور 43 مقامی نمائش کنندگان شامل ہیں، آٹو شو میں سوزوکی، کیا، جی اے سی، چیری، سازگار، بی وائی ڈی، جی ٹور، ہنڈائی اور ہونڈا سمیت مختلف نمایاں آٹو برانڈز  نے سٹالز لگائے ہیں۔ نمائش میں کاروں، موٹرسائیکلوں، الیکٹرک اور سیمی الیکٹرک گاڑیوں کے علاوہ مقامی طور پر تیار کئے گئے آٹو پارٹس بھی پیش کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پنجاب حکومت مقامی پیداوار، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور جدت کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کیلئے مؤثر ثابت ہو گا۔