وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال میں جدید کینسر سنٹر کا افتتاح کر دیا
09-18-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال میں پیٹ، سی ٹی، سائیکلوٹرون، کینسر ٹریٹمنٹ کے لیے کوابلیشن اور کینسر سنٹر کا افتتاح کر دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کوابلیشن سنٹر کا دورہ کیا اور مشین کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پیٹ، سی ٹی سائیکلوٹرون سنٹر کا بھی دورہ کیا اور سائیکلوٹرون مشین کے پروسیجر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال میں 100 بیڈ پر مشتمل کینسر سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور اور سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کینسر سنٹر میں او پی ڈی، آئی سی یو اور دیگر وارڈز کا دورہ کیا۔ انہوں نے ریڈیو فارماسیوٹیکل پروڈکشن لیب اور فارمیسی ہاٹ لیب کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ملتان کے جدید ترین کینسر سنٹر میں کیموتھراپی اور ریڈیوتھراپی رومز کا معائنہ کیا، جبکہ جدید ترین چائنز کرائیو ایبلیشن مشین کا بھی جائزہ لیا۔ چین میں رائج کرائیو ایبلیشن مشین کے ذریعے کینسر کی رسولیوں کو محض ایک سوئی استعمال کرکے ختم کیا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کوابلیشن مشین سے کینسر کا علاج کرانے والی پہلی مریضہ مسرت ارشد سے ملاقات کی۔ کمالیہ کی 55 سالہ مسرت ارشد کینسر کے کامیاب علاج پر فرط جذبات سے رونے لگیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مسرت ارشد کو دلاسا دیا اور کینسر سے بچاؤ پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے میاں چنوں کی 24 سالہ نسرین کی عیادت بھی کی اور ان سے پیار کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا، ’’چین سے کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن مشین لائی ہوں، اب فکر کی ضرورت نہیں۔‘‘ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈیجیٹل اور سی ٹی سیمولیٹر روم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے فوکسڈ ریڈیو تھراپی لینئر ایکسلیٹر روم کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈاکٹرز سے بات چیت کی اور انہیں عوام کی خدمت کی تلقین کی، جبکہ ڈاکٹرز کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ ملتان کینسر سنٹر میں بچوں کے لیے الگ کینسر وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال میں عوام کو دیکھ کر ان کے پاس پہنچ کر بات چیت کی اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔