برکی میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، 3 ملزمان گرفتار

09-18-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا۔

ایس ایچ او برکی عمران نواز نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے خفیہ اطلاع پر دورانِ پٹرولنگ مختلف مقامات سے منشیات کی سپلائی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں سرغنہ زوہیب، راشد اور زوہیب عرف ڈان شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کلو سے زائد چرس، 780 گرام آئس اور 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق گرفتار ملزمان نے آن لائن منشیات منگوا کر مضافاتی علاقوں میں مختلف مقامات پر سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔ ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔