پراسکیوٹر جنرل پنجاب کی ڈی پی او چنیوٹ کو بہترین کارکردگی پر اعزازی شیلڈ پیش
09-17-2026
(محمد اشفاق) پراسکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ سے ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے ملاقات کی، جس میں مقدمات کی تفتیش، چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروانے اور پراسیکیوشن کے نظام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے چودھری عرفان صادق تارڑ کو پراسکیوٹر جنرل پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران ڈی پی او چنیوٹ نے زیر التوا مقدمات کے چالان سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چنیوٹ میں تمام مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروائے جا چکے ہیں۔ پراسکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ نے تفتیش کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں پیش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان مؤثر رابطے سے مقدمات کی پیروی اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ چودھری عرفان صادق تارڑ نے چنیوٹ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف کو خراج تحسین پیش کیا، بہترین کارکردگی کے اعتراف میں پراسکیوٹر جنرل پنجاب نے ڈی پی او چنیوٹ کو خصوصی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔