پاکستان کا دھیان امداد کے بجائے تجارت اور سرمایہ کاری پر ہے، محمد اورنگزیب
09-17-2026
(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال برطانیہ سے پاکستان کو 6.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ مجموعی طور پر پاکستان کو 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر آئیں، رواں مالی سال مجموعی ترسیلات زر تقریباً 44 ارب ڈالر رہنے کا تخمینہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اپریل سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ماہانہ 300 ملین ڈالر سے زائد کی آمد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا فوکس اب امداد کے بجائے تجارت اور سرمایہ کاری پر ہے اور حکومت برطانیہ سے تجارت اور سرمایہ کاری کے بہاؤ کو مزید بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ تنازع کے باوجود خلیجی ممالک سے ترسیلات زر میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ستمبر تک پاکستان پیٹرولیم ضروریات کے حوالے سے کورڈ ہے جبکہ اکتوبر میں بھی صورتحال بہتر دکھائی دے رہی ہے۔ نومبر کی پیٹرولیم ضروریات کی منصوبہ بندی وزارت پیٹرولیم اور این سی سی ایم سی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن پیٹرولیم ضروریات کے حوالے سے صورتحال کو مینیج کیا گیا ہے، ان کے مطابق مہنگائی ایک عالمی رجحان ہے اور پیٹرولیم قیمتوں سمیت عالمی عوامل اس پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔