پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں، الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹاف کا ڈیٹا مانگ لیا

09-17-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تیاریاں شروع کرتے ہوئے پولنگ سٹاف کے لیے افسران اور ملازمین کی تفصیلات طلب کر لیں۔

الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ سٹاف کے طور پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملازمین کا ڈیٹا مانگا ہے، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے فیصل آباد کے 118 سرکاری محکموں کو مراسلے جاری کرتے ہوئے پولنگ اسٹاف کے لیے افسران اور ملازمین کی تفصیلات ارسال کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، لوکل گورنمنٹ، کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) اور ضلع کونسل سمیت مختلف محکموں کو مراسلے جاری کیے گئے ہیں،  بلدیاتی انتخابات کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی پی او اور آر پی او کو مراسلے جاری کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن  نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس سمیت ضلعی و صوبائی محکموں کے افسران کو بھی مراسلے ارسال کئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے پولنگ اسٹاف کے لیے درکار ڈیٹا الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔