این سی سی آئی اے نے رضوان سے کیا پوچھا؟ سوالنامہ سامنے آگیا

09-17-2026

(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)کی جانب سے کرکٹر محمد رضوان کو دیا گیا سوالنامہ سامنے آگیا۔

این سی سی آئی اےکے وکیل اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے سوالنامہ ہائیکورٹ میں پیش کیا جو 5 صفحات پر مشتمل تھا۔ سوالنامے میں رضوان سے 10 سال میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں،  اس کے علاوہ 5 سال کے دوران تنخواہ کے ذرائع اور کرائے کی مد میں آمدن کی تفصیلات بھی مانگی گئیں۔ محمد رضوان سےبینک میں موجود رقم پر منافع کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے، 5 سال میں کیے گئے گھریلو اخراجات، تعلیمی اخراجات کی تفصیلات بھی مانگی گئیں جب کہ رضوان سے وراثتی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں۔ سوالنامے کے مطابق محمد رضوان سے 5 سال کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت کی تفصیلات مانگی گئیں، کرکٹر سے 5 سال کے دوران کیے گئے بین الاقوامی دورے اور اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ رضوان سے گزشتہ 5 سال میں اندرون ملک سفر کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں، اس کے علاوہ کرکٹر سے گزشتہ 5 سال کے دوران کسی سے کوئی قرض لیا ہو تو اس کی تفصیل بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس  دوسری جانب محمد رضوان کو این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس بھی سامنے آگیا  جس کے مطابق ایجنسی پاکستان کرکٹ میں آن لائن جوئے سے متعلق انکوائری کر رہی ہے۔ نوٹس کے متن کے مطابق اس انکوائری کے سلسلے میں رضوان کا بیان ریکارڈ کرنا مطلوب ہے ،اگر آپ پیش نہ ہوئے تو سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں کچھ نہیں۔