ڈرائیونگ لائسنس کیلئے نئے قواعد نافذ، ای سائن اور روڈ ٹیسٹ کی مدت مقرر
09-17-2026
(لاہور نیوز) ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل میں بے ضابطگیوں کی روک تھام کیلئے ٹیسٹ کے حوالے سے نئی اور سخت شرائط عائد کر دی گئی ہیں۔
نئے طریقہ کار کا اطلاق 17 ستمبر 2026 سے ہو گا، جس کے تحت امیدواروں کیلئے ای سائن ٹیسٹ، روڈ ٹیسٹ اور پی ایس آئی ڈی کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام کے مطابق ای سائن ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد امیدوار کو 24 گھنٹوں کے اندر روڈ ٹیسٹ دینا ہو گا، مقررہ مدت میں روڈ ٹیسٹ نہ دینے کی صورت میں ای سائن ٹیسٹ کا نتیجہ ختم ہو جائے گا اور امیدوار کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے مکمل پراسیس دوبارہ شروع کرنا ہو گا، حکام نے تمام متعلقہ افسران کو نئے طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ نئے قواعد کے مطابق اگر امیدوار ای سائن اور روڈ ٹیسٹ 24 گھنٹوں کے اندر پاس کر لے لیکن پی ایس آئی ڈی جنریٹ نہ کرے تو 24 گھنٹے بعد دونوں ٹیسٹوں کے نتائج بھی ختم ہو جائیں گے۔ حکام کے مطابق ای سائن ٹیسٹ، روڈ ٹیسٹ اور پی ایس آئی ڈی کا عمل 24 گھنٹوں کے اندر مکمل کرنے کے بعد پی ایس آئی ڈی کی میعاد 7 دن ہو گی، اس دوران مقررہ فیس جمع نہ کرانے کی صورت میں پورا لائسنس پراسیس منسوخ کر دیا جائے گا۔ پی ایس آئی ڈی ایکسپائر ہونے کی صورت میں امیدوار کو دوبارہ ای سائن ٹیسٹ اور روڈ ٹیسٹ کے مراحل سے گزرنا ہو گا، جبکہ نئے قواعد کے تحت مقررہ مدت کے اندر دونوں ٹیسٹ مکمل کرنا بھی لازم ہو گا۔ حکام کے مطابق اگر کسی امیدوار نے ایک ضلع میں ای سائن ٹیسٹ اور دوسرے مقام پر روڈ ٹیسٹ دیا اور دونوں ٹیسٹ 24 گھنٹوں کے اندر مکمل کئے تو روڈ ٹیسٹ والی سائٹ پر اس کی ریگولر لائسنس درخواست جمع کی جائے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے نئے طریقہ کار کے حوالے سے تمام اضلاع کے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں اور نئے قواعد پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔