اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کی عالمی پذیرائی پنجاب کے عوام کیلئے اعزاز ہے، عظمیٰ بخاری
09-17-2026
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ایوارڈ کیلئے نامزد کرنا پنجاب کے 14 کروڑ عوام کیلئے اعزاز کی بات ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ نے پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے شروع کئے گئے "اپنی چھت اپنا گھر" منصوبے کو ایوارڈ کیلئے نامزد کیا ہے، "اپنی چھت اپنا گھر" جیسے منصوبے کی عالمی سطح پر پذیرائی پنجاب حکومت کی کارکردگی کا اعتراف ہے، یہ منصوبہ دنیا کے پانچ بڑے منصوبوں میں شامل اور پاکستان کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ "اپنی چھت اپنا گھر" منصوبہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے شروع کیا ہے، مستحق اور بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کرنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا خواب تھا، جسے عملی شکل دینے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے، منصوبے کے تحت 2 لاکھ 2 ہزار 913 گھر تعمیر کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک لاکھ 18 ہزار 88 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 53 ہزار 233 گھر زیرِ تعمیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف دو سال میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف 2 لاکھ سے زائد افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں، جبکہ پانچ سال کے دوران 5 لاکھ افراد کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کا ہدف ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ "ستھرا پنجاب" منصوبے کے بعد "اپنی چھت اپنا گھر" منصوبے کی عالمی سطح پر پذیرائی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی گڈ گورننس کا اعتراف ہے، ان کے بقول مریم نواز شریف اپنے مختلف کامیاب منصوبوں کے ذریعے پنجاب اور پاکستان کا نام عالمی سطح پر اجاگر کر رہی ہیں، مریم نواز شریف کی دو سالہ کارکردگی ان کی حکومت کے مختلف منصوبوں اور اقدامات کا عملی ثبوت ہے۔