پاکستان میں امن و محبت کے فروغ کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، طاہر اشرفی

09-17-2026

(لاہور نیوز) مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ آج دنیا کو سب سے زیادہ امن کی ضرورت ہے، جبکہ امن باہمی عزت، محبت اور برداشت کے ذریعے ہی قائم ہو سکتا ہے۔

ایک بیان میں طاہر اشرفی  نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے وقت مسیحی اور ہندو برادری نے بھی روشن مستقبل کی امید کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا، اس لئے ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں  نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہمیں عملی طور پر اقدامات کرنا ہوں گے، اپنے ہی چہرے کو سیاہ کرنے یا خود کو موردِ الزام ٹھہرانے سے کوئی دوسرا ہمارے مسائل حل نہیں کرے گا۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل ہمیں خود مل کر حل کرنے ہیں، کسی یورپی ملک سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ آکر ہمارے مسائل حل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک جتنا مولانا طاہر اشرفی کا ہے، اتنا ہی کسی مسیحی، ہندو یا دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کا بھی ہے، ملک میں امن، محبت اور باہمی احترام کیلئے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔