ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی تین ملکی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان
09-17-2026
(لاہور نیوز) پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی خواتین انڈر 19 ٹیموں پر مشتمل تین ملکی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔
آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں شامل سلیمہ امتیاز بھی ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی۔ دس میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہوں گے اور ہر میچ صبح 10 بجے شروع ہوگا۔ لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ دو ٹیمیں 16 اکتوبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ بلال خلجی 2 سے 8 اکتوبر تک ابتدائی پانچ میچز میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، جبکہ افتخار احمد آخری چار لیگ میچز اور فائنل میں میچ ریفری ہوں گے۔ امپائرنگ پینل میں عبدالمقیت، ذوالفقار جان، عمران جاوید، طارق رشید، ثانیہ اشرف، عافیہ امین اور نازیہ نذیر بھی شامل ہیں۔