پریشر ہارن کیخلاف کارروائیوں میں ریکارڈ اضافہ،ساڑھے 4 ہزار گاڑیوں کے چالان
09-17-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر صوبہ بھر میں پریشر ہارن استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ کارروائیوں میں 252 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پریشر ہارن استعمال کرنے والی 4 ہزار 500 سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ اس دوران 34 سے زائد سرکاری گاڑیوں کے خلاف بھی پریشر ہارن کے استعمال پر کارروائی کی گئی۔ ترجمان کے مطابق مسلسل اور بلا ضرورت ہارن بجانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ صوبہ بھر میں صوتی آلودگی کے خاتمے کے لیے بلا تفریق کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ پریشر ہارن کے استعمال پر سخت پابندی عائد ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ صوتی آلودگی کا خاتمہ شہریوں کے تعاون سے مشروط ہے۔ پریشر ہارن اور مسلسل ہارن کا استعمال انسانی سماعت اور اعصابی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریشر ہارن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سے شور کی آلودگی میں کمی واقع ہوگی۔ محفوظ، پُرسکون اور ماحول دوست سڑکوں کے ذریعے ہی محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں پریشر ہارن کے خلاف سخت مہم جاری رہے گی۔