آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 24 گھنٹوں میں 37 یونٹس مسمار
09-17-2026
(لاہور نیوز) ڈی جی ماحولیات پنجاب عبداللہ نائیر شیخ کی ہدایت پر آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا، ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ سکواڈ کی مسلسل نگرانی کے دوران صوبہ بھر میں 37 آلودگی پھیلانے والے یونٹس مسمار کر دیے گئے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق مسمار کیے گئے یونٹس میں 21 اینٹوں کے بھٹے اور 16 صنعتی یونٹس شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 441 اینٹوں کے بھٹوں اور 270 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی۔ اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی میں 21 بھٹے مسمار، 4 سیل، 6 ایف آئی آرز درج جبکہ 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی میں 16 یونٹس مسمار، 5 سیل، ایک ایف آئی آر درج جبکہ 16 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں کے دوران 253 انسپیکشنز میں 3 ہزار 145 کلوگرام پلاسٹک ضبط اور 26 مقامات سیل کیے گئے۔ باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کی بھی چیکنگ کی گئی، 52 مقامات کی انسپیکشن کے دوران 30 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کیے گئے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق ڈرون، نائٹ اور ہاک آئی فیلڈ سکواڈ 24 گھنٹے فعال ہیں اور سموگ ہاٹ سپاٹس سمیت آلودگی کے ذرائع کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ ڈی جی ماحولیات پنجاب عبداللہ نائیر شیخ نے کہا ہے کہ سموگ سیزن سے قبل ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔