ڈیفنس سی پولیس کی کارروائی، بین الاضلاعی منشیات ڈیلر گرفتار

09-17-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

ڈیفنس سی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی منشیات ڈیلر شان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شان باؤوالا کے پاس منشیات کی ڈیلیوری دینے کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 3 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی ہے۔ ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش آن لائن منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں مقررہ مقامات پر سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔