موبائل ٹاورز میں چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات، 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر
09-16-2026
(لاہور نیوز) موبائل ٹاورز میں چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 11 ماہ کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 200 سے زائد چوری اور تخریب کاری کے واقعات ریکارڈ کئے گئے، جن کے باعث ملک بھر کی 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر ہوئیں۔
پی ٹی اے کے مطابق تمام موبائل آپریٹرز کو موبائل ٹاورز پر چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی بروقت ایف آئی آر درج کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مقدمات کی منطقی انجام تک پیروی کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ موبائل ٹاورز اور انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کے حل کیلئے وزارت قانون، پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کے درمیان مشاورت جاری ہے، جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی مسائل کے حل کیلئے تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام سائٹس کیلئے خصوصی بجلی کے ٹاورز اور سمارٹ گرڈ سسٹم پر کام شروع کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں نیپرا، پاور ڈویژن اور ڈسکوز سے ٹیلی کام سائٹس کو انڈسٹریل پاور ٹیرف کی فراہمی پر مذاکرات بھی جاری ہیں۔ ٹیلی کام سائٹس پر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے سیکرٹری ایم او آئی ٹی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس کے تحت ایکسپریس فیڈرز اور سمارٹ ٹرانسفارمرز کے ذریعے ٹیلی کام ٹاورز کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔