پراسیکیوشن نظام میں سستی اور غیر ذمہ داری کی کوئی گنجائش نہیں، عرفان صادق تارڑ

09-16-2026

(لاہور نیوز) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ نے ضلع کچہری لاہور کا اچانک دورہ کیا اور افسران و سٹاف کی حاضری چیک کی۔

دورے کے دوران پراسیکیوٹر جنرل نے عدالتوں میں چالان بروقت پیش نہ کرنے پر متعلقہ پراسیکیوٹرز کی سخت سرزنش کی، انہوں نے کہا کہ چالان بروقت عدالتوں میں پیش کرنا پراسیکیوٹرز کی بنیادی ذمہ داری ہے، پراسیکیوشن کے نظام میں غیر ذمہ داری اور سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ چودھری عرفان صادق تارڑ نے واضح کیا کہ سرکاری ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جو پراسیکیوٹر کام نہیں کرے گا، وہ نوکری میں نہیں رہے گا۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ غیر حاضر اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو گی، فیلڈ میں پراسیکیوٹرز اور سٹاف کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے اچانک معائنے کا سلسلہ جاری رہے گا اور افسران و اہلکاروں کی حاضری، کارکردگی اور سرکاری امور کی انجام دہی کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے گا۔