بلڈنگز ونگ کی کارکردگی، 3 ہزار سے زائد سرکاری عمارتوں کا انفراسٹرکچر بہتر

09-16-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کے بلڈنگز ونگ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ونگ کی اڑھائی سالہ کارکردگی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری، چیف انجینئرز بلڈنگز اور دیگر افسران  نے شرکت کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں 38 محکموں کی تین ہزار سے زائد عمارتوں کے انفراسٹرکچر پر کام کیا گیا، صحت، تعلیم، عوامی تحفظ، پولیس اور جیلوں سمیت مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے، جبکہ معروف درباروں کی ری ویمپنگ بھی مکمل کی گئی۔ بریفنگ کے مطابق صوبے میں 1740 بنیادی مراکز صحت اور 28 بڑے ٹرشری کیئر ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی گئی، جبکہ 22 اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز کا انفراسٹرکچر تعمیر کیا گیا، اس کے علاوہ اسٹیٹ آف دی آرٹ آٹزم سکول کا جدید انفراسٹرکچر بھی مکمل کیا گیا، صوبے بھر میں 50 سمارٹ پولیس اسٹیشنز تعمیر کئے گئے جبکہ جوڈیشری سے متعلق 22 سکیمیں مکمل کی گئیں، صوبے کی 1033 عمارتوں کی سیفٹی اسسمنٹ بھی کی گئی۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ ای ٹینڈرنگ کے باعث بلڈنگز ونگ نے 40 ارب روپے کی بچت کی، صوبے بھر میں بڑے منصوبوں کے فن تعمیر اور ڈیزائننگ کا کام محکمہ آرکیٹیکچر  نے انجام دیا۔ انہوں نے بلڈنگز ونگ کو ہدایت کی کہ اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے جاری کی جائے اور محکمے کو مزید بہتر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے، ملک صہیب احمد بھرتھ  نے کہا کہ محکمہ بلڈنگز کا انفراسٹرکچر مضبوط اور مربوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کا عمل جدید بنیادوں پر جاری رہے گا۔