صوبہ بھر میں آٹے کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے، ڈی جی فوڈ پنجاب

09-15-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں آٹے کی بلاتعطل فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، صوبے کی مختلف مارکیٹوں میں 10 کلو آٹے کے مجموعی طور پر 887,024 تھیلے فراہم کیے گئے ہیں۔

ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق عوام کو 10 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، سرکاری گندم سے تیار کردہ 10 کلو آٹے کے 249,671 تھیلے صوبہ بھر میں سپلائی کیے گئے ہیں۔ ڈی جی فوڈ کے مطابق پرائیویٹ گندم سے تیار کردہ 10 کلو آٹے کے 355,357 تھیلے مختلف مارکیٹوں میں فراہم کیے گئے، جبکہ 20 کلو آٹے کے 140,998 تھیلے بھی صوبہ بھر کی مارکیٹوں میں سپلائی کیے گئے ہیں۔ محکمہ خوراک پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں آٹے کی فراہمی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کو آٹے کی دستیابی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔ ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور آٹے کی قیمتوں اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مارکیٹوں کی نگرانی جاری ہے۔