پنجاب پولیس کی فیلڈ فورس کیلئے جدید باڈی ورن کیمروں کا منصوبہ شروع

09-15-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کی فیلڈ فورس کیلئے جدید باڈی ورن کیمروں کا منصوبہ شروع کر دیا گیا۔

صوبہ بھر میں پولیس اہلکاروں کو باڈی ورن کیمروں کے استعمال کی تربیت بھی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ لاہور میں پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے پولیس اسٹیشنز میں کیمروں کیلئے ڈاکنگ پوائنٹس کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق باڈی ورن کیمرے صوبہ بھر کے 43 شہروں میں قائم سمارٹ سیف سٹی سسٹم سے منسلک ہوں گے، پنجاب پولیس، پنجاب ہائی وے پولیس، ڈولفن فورس اور ٹریفک وارڈنز دورانِ ڈیوٹی یہ کیمرے استعمال کریں گے۔ جدید باڈی ورن کیمروں میں چہرے کی ڈیجیٹل شناخت کا فیچر بھی موجود ہے، جس کے ذریعے مشتبہ یا مطلوب ملزمان کی شناخت میں مدد حاصل کی جا سکے گی، کیمروں میں کالنگ فیچر بھی شامل ہے، جس کے ذریعے فیلڈ میں موجود اہلکار فوری طور پر کنٹرول روم سے رابطہ کر سکیں گے۔ باڈی کیم کے ذریعے دورانِ ڈیوٹی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کے ساتھ تصاویر بھی بنائی جا سکیں گی، جبکہ بائیکس اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی آٹومیٹڈ ریڈنگ بھی ممکن ہو گی، ہنگامی صورتحال میں کیمرے سے فوری طور پر تھرٹ الرٹ بھی جنریٹ کیا جا سکے گا۔ پولیس حکام کے مطابق باڈی ورن کیمروں میں بلٹ اِن میموری بھی موجود ہو گی، جس میں ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ رہے گی، ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد پولیس اہلکار کیمرے مخصوص ڈاکنگ اسٹیشن پر رکھیں گے، جہاں ریکارڈ شدہ ڈیٹا خودکار طریقے سے منتقل ہو کر محفوظ ہو جائے گا۔ باڈی کیم میں موجود پش ٹو ٹاک فیچر کے ذریعے فیلڈ ڈیوٹی افسر کنٹرول روم سے فوری رابطہ کر سکے گا، جبکہ ایس او ایس ایمرجنسی بٹن کے ذریعے ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم کو فوری اطلاع دی جا سکے گی۔ باڈی ورن کیمرے سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک ہوں گے اور متعلقہ ڈسٹرکٹ سیف سٹی کنٹرول روم میں ان کی لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی، حکام کا کہنا ہے کہ جدید باڈی کیم پراجیکٹ سے پولیس کی فیلڈ سرگرمیوں کی نگرانی، شفافیت، بروقت رسپانس اور جرائم پیشہ عناصر کی شناخت میں مزید بہتری آئے گی۔