صوبہ بھر میں پریشر ہارن کے استعمال پر پابندی، کریک ڈاؤن کا حکم

09-15-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے صوبہ بھر میں پریشر ہارن اور مسلسل ہارن کے استعمال کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

آج سے صوبے بھر میں پریشر ہارن کے استعمال پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے تمام چیف ٹریفک افسران (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (ڈی ٹی اوز) کو ہدایت کی ہے کہ پریشر ہارن کے استعمال کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ہسپتالوں، درسگاہوں، ایمرجنسی سینٹرز اور دیگر حساس علاقوں میں ہارن کے استعمال کی خلاف ورزی پر بھی کارروائی کی جائے گی، جبکہ مسلسل اور لگاتار ہارن بجانے والوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا، حکام  نے کمرشل گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں سے پریشر ہارن اتار دیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال پریشر ہارن اور مسلسل ہارن کے استعمال پر 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کئے جا چکے ہیں، جبکہ لاہور ٹریفک پولیس نے ہارن کے غلط استعمال پر 48 ہزار شہریوں کو چالان ٹکٹس جاری کئے۔ ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پریشر ہارن اور مسلسل ہارن کا استعمال انسانی سماعت اور اعصابی صحت کیلئے نقصان دہ ہے، پریشر ہارن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سے شور کی آلودگی میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ صوتی آلودگی میں کمی کیلئے ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں، محفوظ، پُرسکون اور ماحول دوست سڑکوں کے ذریعے ہی محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔