وزیر تعلیم کا پبلک سکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز
09-15-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے پبلک سکولوں میں خود تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔
وزیر تعلیم بیدیاں کے علاقے لدھر میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پہنچے، جہاں انہوں نے طلبہ کے ساتھ کلاس لی، رانا سکندر حیات نے تیسری اور پانچویں جماعت کے طلبہ کو انگلش اور ریاضی پڑھائی، کلاس لینے سے قبل وزیر تعلیم نے طلبہ کی تعلیمی استعداد جانچنے کیلئے اسسمنٹ بھی کی۔ اس موقع پر طلبہ وزیر تعلیم کے ساتھ گھل مل گئے اور کلاس روم کا ماحول پہلے ہی روز دوستانہ ہو گیا، طلبہ نے وزیر تعلیم سے بے تکلفی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محسوس ہی نہیں ہو رہا کہ وہ ان کے نئے ٹیچر ہیں۔ وزیر تعلیم نے تدریس کے ساتھ طلبہ کو صفائی، اخلاقیات، برداشت اور تحمل کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے سکول میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے واٹر کولر اور سپورٹس کٹس کی فوری فراہمی کی ہدایت کی۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ آج تعلیمی اصلاحات کے سفر میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو گیا ہے، وزراء کا فیلڈ میں جاکر کارکردگی کا جائزہ لینا وزیراعلیٰ مریم نواز کے اصلاحاتی ویژن کی عکاسی کرتا ہے، وزیر کا خود سکول جاکر کلاس پڑھانا سکولوں کی نگرانی اور تعلیمی اصلاحات کا ایک منفرد عملی ماڈل ہے، اس اقدام سے سکولوں کے حالات اور معیارِ تعلیم کے حوالے سے زمینی حقائق جاننے میں مدد ملے گی۔