سموگ کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت اقدامات کا فیصلہ

09-15-2026

(لاہور نیوز) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب کی کارکردگی اور ممکنہ سموگ کے خطرات سے نمٹنے کیلئے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں فوکل پرسن عاصم محمود، سپیشل سیکرٹریز شاہد زمان لک اور سید موسیٰ رضا نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے اجلاس کو صفائی کے نظام اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی، اجلاس میں ممکنہ سموگ کے خطرات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت اقدامات اور فیلڈ میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر ذیشان رفیق  نے حالیہ دوروں کے دوران سامنے آنے والے مشاہدات کی روشنی میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی انسدادِ سموگ ہدایات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے دوران سڑکوں پر گردوغبار اڑانے سے گریز کیا جائے اور سڑکوں کی صفائی صرف مکینیکل طریقے سے کی جائے، ذیشان رفیق  نے واضح کیا کہ کسی بھی جگہ کوڑا جلانے کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ تحصیل مینیجر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیر بلدیات نے ڈی جی سُتھرا پنجاب کو سُتھرا پنجاب ایجنسیز کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی، اجلاس میں ایم ڈیز کو مرحلہ وار اتھارٹی آفس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ ہر فیلڈ مانیٹرنگ آفیسر (ایف ایم او) کو 24 بیٹس کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور انہیں روزانہ کم از کم 12 بیٹس کے دورے کا پابند بنایا جائے گا، ایف ایم اوز کی کارکردگی کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کرائی جائے گی۔ صوبائی وزیر  نے کہا کہ کنٹریکٹرز کی مؤثر نگرانی کیلئے موجودہ مانیٹرنگ سسٹم کو مزید مستحکم کرنا ہو گا، ہر ضلع میں بااختیار سُتھرا پنجاب ایجنسی بنانے کے بعد صفائی کی صورتحال میں واضح بہتری نظر آنی چاہئے۔ ذیشان رفیق  نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کی مؤثر نگرانی، ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور انسدادِ سموگ اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔