داتا دربار پولیس کی کارروائی، دو رکنی نقب زن گینگ گرفتار
09-15-2026
(لاہور نیوز) داتا دربار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں میں نقب زنی کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث دو رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان رات گئے بند دکانوں اور گھروں کے مکینوں کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نقب زنی کی وارداتیں کرتے تھے، ملزمان مبینہ طور پر گھروں سے موبائل فون، لوہے کی اشیا اور دیگر گھریلو سامان چوری کرتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے نقب زنی میں استعمال ہونے والے آلات، چار موبائل فونز اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا، گرفتار ملزمان کی شناخت ظاہر عرف تارا اور ولید کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔