ہربنس پورہ پولیس کی کارروائی، موبائل سنیچر و موٹرسائیکل چور گینگ گرفتار

09-15-2026

(لاہور نیوز) موبائل سنیچرز اور موٹرسائیکل چوروں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ہربنس پورہ پولیس  نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے موبائل سنیچنگ اور موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ چاند جبکہ دیگر ملزمان میں یوسف مسیح اور جمیل شامل ہیں، پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں موبائل فون چھینتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 7 موبائل فونز، 2 موٹرسائیکلیں، ماسٹر چابیاں اور غیرقانونی اسلحہ برآمد کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان  نے بغیر لاک موٹرسائیکلیں چوری کرنے اور موبائل سنیچنگ کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کیلئے انہیں انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا، پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔