کیولری چوک کے قریب ٹریفک حادثہ، موٹر سائیکل سوارچینی شہری جاں بحق
09-15-2026
(لاہور نیوز) کیولری چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار چینی شہری جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق چینی شہری موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی نامعلوم تیز رفتار کار نے اسے ٹکر مار دی۔ حادثے کے باعث موٹر سائیکل سوار سڑک کی دوسری جانب جا گرا اور وہاں سے گزرنے والی ایک دوسری گاڑی سے بھی ٹکرا گیا۔ شدید حادثے کے نتیجے میں چینی شہری موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے لیے مردہ خانے منتقل کردی ہے، جبکہ حادثے کا باعث بننے والی گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی مدد سے حادثے میں ملوث کار کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔