ڈیجیٹل معیشت پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کا مرکز ہے: احسن اقبال

09-14-2026

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، جہاں وہ ڈیجیٹل اکانومی فورم میں شرکت کریں گے۔

  احسن اقبال نے ایس سی او ڈیجیٹل اکانومی تعاون کے وزارتی سطح کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل معیشت پیداوار، تجارت، طرز حکمرانی اور انسانی ترقی کی رفتار تیز کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ای پاکستان، اڑان پاکستان کے پانچ بنیادی ستونوں میں شامل ہے، ڈیجیٹل تبدیلی پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کا مرکز ہے، ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی اور قومی مصنوعی ذہانت پالیسی ڈیجیٹل تبدیلی کی بنیاد ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، تحقیق اور ہنرمندی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے ایس سی او ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اینڈ کمپیوٹ کوریڈور کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے سرحد پار فائبر روابط، ڈیٹا سینٹرز اور سیٹلائٹ رابطوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل تعاون میں اعتماد، رازداری، سائبر سکیورٹی، شفافیت اور قومی خودمختاری کے اصولوں کو مقدم رکھا جائے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان ایس سی او کی ڈیجیٹل شراکت داری کو عملی نتائج میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے، رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے ثمرات حکومتوں اور بڑی کمپنیوں تک محدود نہیں ہونے چاہئیں، نوجوانوں، خواتین، جامعات اور چھوٹے کاروباروں کو بھی مواقع ملنے چاہئیں۔