پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس کیخلاف جماعت اسلامی کا اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان

09-14-2026

(لاہور نیوز) جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس کے خلاف احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دیتے ہوئے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی  نے اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کیلئے باقاعدہ پلان مرتب کرنا شروع کر دیا ہے اور انتظامات کیلئے 10 کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، کمیٹیاں لانگ مارچ کے انتظامات، مقام کے تعین، کارکنان کیلئے ٹرانسپورٹ اور عہدیداروں کی ذمہ داریاں طے کریں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹیاں ملک کے مختلف صوبوں سے اسلام آباد آنے والے کارکنان کے روٹس بھی طے کریں گی، اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس سمیت مزید دو مقامات پر لانگ مارچ کے اجتماع کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے ملک بھر سے کارکنان کو راولپنڈی پہنچنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں جاری دھرنے معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق ہر تحصیل اور ضلع کی سطح پر ذمہ داران کو زیادہ سے زیادہ کارکنان لانگ مارچ میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ حکومت جب تک پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس ختم نہیں کرتی، احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔