انسدادِ سموگ اقدامات کے مثبت نتائج، لاہور میں ایئر کوالٹی بہتر
09-14-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج ہوا کی رفتار 5 سے 12 میل فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ دوپہر کے بعد ہواؤں کی رفتار میں مزید اضافے کی توقع ہے، جس کے باعث فضائی آلودگی کے پھیلاؤ میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ تحفظ ماحول کے مطابق لاہور میں فضائی معیار اس وقت معتدل سطح پر ہے، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے انسدادِ سموگ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل تحفظ ماحول عبداللہ نیر شیخ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر انسدادِ سموگ اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں فضائی معیار کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ عبداللہ نیر شیخ کے مطابق آلودگی پر قابو پانے کیلئے فیلڈ ایکشن بھی جاری ہے، جبکہ متعلقہ ادارے فضائی معیار کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے شہریوں سے بھی ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بننے والی سرگرمیوں سے گریز کرنے کی اپیل کی۔