چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر تین بچیوں کا پنجاب یونیورسٹی میں میرٹ پر داخلہ
09-13-2026
(لاہور نیوز) چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب میں رہائش پذیر تین بچیوں نے اپنی محنت، قابلیت اور شاندار تعلیمی کارکردگی کی بدولت پنجاب یونیورسٹی میں میرٹ پر داخلہ حاصل کر لیا۔
داخلہ حاصل کرنے والی بچیوں میں مناہل شہباز نے بی ایس مینجمنٹ، فرح شہباز نے بی ایس سوشیالوجی جبکہ سعدیہ ضیا نے ایم ایس سی سوشیالوجی پروگرام میں میرٹ پر داخلہ حاصل کیا ہے۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے تینوں بچیوں کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کامیابی ان کی محنت، عزم اور تعلیمی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم اور روشن مستقبل کے مواقع فراہم کرنا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی ترجیحات میں شامل ہے، ہر بچے کو تعلیم کے ذریعے اپنے خواب پورے کرنے کا حق اور موقع ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گا۔