پنجاب میں مون سون بارشوں کا آخری سپیل، پی ڈی ایم اے کا اربن فلڈنگ کا الرٹ
09-13-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ظاہر کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کل شام سے 16 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں آندھی اور بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی بارش کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں بھی 14 سے 16 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔