نوجوان نسل کو گمراہ کن معلومات، انتہا پسندانہ سوچ سے محفوظ رکھا جائے، عظمیٰ بخاری

09-12-2026

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو گمراہ کن معلومات، نفرت انگیز مواد اور انتہا پسندانہ سوچ سے محفوظ رکھا جائے۔

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت انفارمیشن اسٹیئرنگ/ریویو کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب میں نظرثانی شدہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد، اب تک کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندگان  نے شرکت کی، اجلاس کے دوران ڈس انفارمیشن، نفرت انگیز مواد، منفی پروپیگنڈے اور ریاست مخالف بیانیے کے تدارک کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں پیش رفت اور اقدامات سے آگاہ کیا، اجلاس کو محکمہ جاتی رابطہ کاری، ذمہ دارانہ معلومات کی فراہمی اور گمراہ کن بیانیوں کے بروقت تدارک کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں نوجوانوں اور طلبہ کو غلط معلومات، نفرت انگیز مواد اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے نقصانات سے آگاہ کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں، نوجوان نسل کو گمراہ کن معلومات، نفرت انگیز مواد اور انتہا پسندانہ سوچ سے محفوظ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، قومی ایکشن پلان کے مقاصد کے حصول کیلئے محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مؤثر اور متحرک کردار ادا کیا ہے، معرکہ حق کے دوران پاکستان کی کامیابیوں اور قومی بیانیے کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈس انفارمیشن اور منفی بیانیوں کا مقابلہ محض ردعمل کی بنیاد پر نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس کیلئے بروقت، حقائق پر مبنی، مربوط اور فعال حکمت عملی ضروری ہے، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور منفی مواد کے باعث نوجوان اور طلبہ خصوصی طور پر متاثر ہو سکتے ہیں، اس لئے ان میں میڈیا لٹریسی اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رویوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں  نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں سکول کونسلنگ اور دیگر متعلقہ فورمز کو مؤثر طور پر شامل کیا جائے اور طلبہ کی آگاہی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، طلبہ کو سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال، جعلی اور گمراہ کن معلومات کی شناخت اور حقائق کی جانچ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ طلبہ میں تنقیدی سوچ اور میڈیا لٹریسی کی صلاحیتیں پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ وہ مستند اور تصدیق شدہ معلومات اور جعلی و من گھڑت مواد میں فرق کر سکیں، تعلیمی ادارے سماجی ہم آہنگی، رواداری اور مثبت قومی بیانیے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے ڈس انفارمیشن، نفرت انگیز تقاریر اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کے تدارک کیلئے اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں گے اور اس مقصد کیلئے باہمی رابطہ اور مربوط حکمت عملی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔