پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر
09-12-2026
(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔
جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کے توسط سے متفرق درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ کیا جا رہا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 7 سے 11 ستمبر کے دوران پٹرول کی قیمت میں 29.95 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ پانچ روز کے دوران ڈیزل 25.27 روپے فی لٹر مہنگا ہونے سے اس کی قیمت 400 روپے فی لٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ، زراعت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کا سب سے زیادہ بوجھ تنخواہ دار اور کم آمدن والے طبقے پر پڑ رہا ہے۔ درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ڈیزل کی قیمت بنگلہ دیش کے مقابلے میں تقریباً 140 روپے، بھارت سے 122 روپے، افغانستان سے 106 روپے جبکہ سری لنکا سے تقریباً 77 روپے فی لٹر زیادہ ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پٹرولیم لیوی، ٹیکس، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سی) اور ڈیلر مارجن کا مکمل ریکارڈ طلب کیا جائے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بھی عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔