لانگ مارچ، مرکزی قیادت نے تاریخ کے تعین کا اختیار امیر جماعت اسلامی کو دیدیا

09-11-2026

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی زیر صدارت مرکزی قیادت کے اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اکثریت نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی تاریخ اگلے ہفتے کے آخر میں رکھنے کی تجویز دی۔ ذرائع کے مطابق شرکاء کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے کے اختتام تک حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے صورتحال اور حکومتی رویے کے بارے میں واضح تاثر سامنے آ جائے گا، اس لیے لانگ مارچ کی کال 19 ستمبر کی شام یا 20 ستمبر کی صبح دی جانی چاہیے۔ دوران اجلاس شرکاء نے رائے دی کہ شام یا صبح کے اوقات میں لانگ مارچ کے شرکاء کو موسم کی شدت سے بھی کسی حد تک بچایا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں لانگ مارچ کی حتمی تاریخ اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان پر چھوڑ دیا گیا۔ ذرائع کنے بتایا کہ شرکاء نے امیر جماعت کے فیصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فیصلے پر لبیک کہنے کی یقین دہانی بھی کرائی، حافظ نعیم الرحمان گوجرانوالہ کے جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے حکومت کے ساتھ ہونے والی دونوں مذاکراتی نشستوں کے حوالے سے قیادت کو بریفنگ دی، جبکہ لیوی اور آئی پی پیز کے خلاف جاری تحریک کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دوسری جانب اجلاس میں حکومت کی جانب سے مذاکرات میں غیر سنجیدہ رویے کی صورت میں تحریک میں مزید شدت لانے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے تجویز دی کہ آئندہ کے لائحہ عمل میں مذاکرات کے دوران حکومت کے رویے کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر جنجوعہ، نائب امیر لیاقت بلوچ، پروفیسر ابراہیم خان، ڈاکٹر اسامہ رضی، مولانا عطاء الرحمان، ڈاکٹر طارق سلیم، جاوید قصوری سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔