ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری، شہریوں کے شکایات کے انبار

09-11-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں نے درپیش مسائل اور اپنی شکایات براہِ راست پیش کیں۔ ڈی آئی جی نے ان درخواستوں پر متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے۔

فیصل کامران  نے ہدایت کی کہ سودی لین دین اور گروی کے نام پر فراڈ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو مالی استحصال سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں  نے کہا کہ وراثتی جائیداد کے تنازعات میں فریقین کے درمیان کشیدگی کی نوبت نہ آنے دی جائے، معاملات کو قانون کے مطابق حل کیا جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنز  نے خواتین کو ہراساں کرنے اور دیگر سماجی نوعیت کے جرائم سے متعلق شکایات پر فوری رسپانس یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہراسگی، دھونس دھمکی اور سماجی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔