قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز فرانزک کیلئے بھجوا دیئے گئے

09-11-2026

(لاہور نیوز) این سی سی آئی اے میں پیشی کے بعد قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کے قبضے میں لئے گئے موبائل فونز کو فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق موبائل فونز کی فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد دونوں کرکٹرز سے متعلق مزید تفتیش آگے بڑھائی جائے گی، تفتیشی ٹیم نے گزشتہ روز دونوں کرکٹرز کے موبائل فونز ان لاک کروا لئے تھے، جس کے بعد موبائلز کو فرانزک تجزیے کیلئے بھیج دیا گیا۔ کرکٹرزامام الحق اور محمد رضوان کو این سی سی آئی اے نے ایک روز قبل طلب کیا تھا، جہاں دونوں سے ساڑھے تین گھنٹے سے زائد وقت تک تفتیش کی گئی، ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم فرانزک رپورٹ کی روشنی میں معاملے کے مزید پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔