ای بائیکس سکیم، سکوٹی ڈرائیونگ سکولز اور جین زی کاؤنٹرز قائم
09-11-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طلبہ و طالبات کیلئے ای بائیکس سکیم کے تحت سہولیات میں اضافہ کر دیا گیا۔
لاہور ٹریفک پولیس نے سکوٹی چلانے کی تربیت اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی کیلئے نئے سکوٹی ڈرائیونگ سکولز اور جین زی کاؤنٹرز قائم کر دیئے ہیں۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر طلبہ و طالبات کی سہولت کیلئے 5 مردوں اور 5 خواتین کیلئے ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز قائم کئے گئے ہیں، جبکہ تمام لائسنس سینٹرز میں جین زی کاؤنٹرز بھی بنائے گئے ہیں۔ لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق سکوٹی لائسنس کے حصول کیلئے طلبہ و طالبات شناختی کارڈ یا ب فارم کے ہمراہ اپنے گارڈین کو بھی لا سکتے ہیں، اب تک ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس جبکہ 6 ہزار 546 جووینائل پرمٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق سکوٹی ٹریننگ سکولز آبشار ڈرائیونگ سکول، لبرٹی خدمت مرکز، گریٹر اقبال پارک، ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروزپور روڈ پر قائم کئے گئے ہیں۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ایل او ایس فیروزپور روڈ پر صرف خواتین کو مفت سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکولز سے اب تک ہزاروں خواتین بااعتماد ڈرائیور بن چکی ہیں جبکہ خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دے کر انہیں خودمختار اور بااختیار بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکوٹی ڈرائیونگ سکولز میں خواتین کیلئے وویمن ٹو وویمن سروس بھی فراہم کی جا رہی ہے، خواتین بااختیار ہوں گی تو معاشرے میں واضح اور مثبت تبدیلی آئے گی۔