ڈڈوچہ ڈیم منصوبے کی شفاف ٹینڈرنگ کیلئے پروکیورمنٹ کمیٹی تشکیل

09-11-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق معیاری تعمیرات کے فروغ اور ڈڈوچہ ڈیم سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ و واٹر سپلائی سسٹم منصوبے کے ٹینڈرنگ اور بڈنگ کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے پروکیورمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی ہدایت پر کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پروکیورمنٹ کمیٹی منصوبے کے ٹینڈرز اور بڈنگ پراسس کی قوانین اور پیپرا رولز کے مطابق نگرانی کرے گی۔ 36 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس میگا پراجیکٹ کے ذریعے راولپنڈی کے شہریوں کو یومیہ 35 ملین گیلن صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ پروکیورمنٹ کمیٹی منصوبے کیلئے اہلیت کے معیار اور بڈنگ ڈاکیومنٹس کی منظوری دے گی، جبکہ موصول ہونے والے ٹینڈرز اور تجاویز کا پیپرا رولز کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی قوانین کے تحت ٹینڈرز کی جانچ پڑتال کے ساتھ منصوبے کے تکنیکی اور مالیاتی معاملات میں شفافیت کو بھی یقینی بنائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پروکیورمنٹ کمیٹی کی سربراہی پروجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو کریں گے۔ سپرنٹنڈنٹ انجینئر پی ایچ ای ڈی راولپنڈی سرکل اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی پنجاب واسا کو بھی کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق کمیٹی کے قیام کا مقصد پروکیورمنٹ کے تمام مراحل کو شفاف، میرٹ پر اور قوانین کے مطابق جلد مکمل کرنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق منصوبے میں میرٹ اور اہلیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔