21 ستمبر سے ملک بھر کے 115 اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم شروع ہوگی

09-11-2026

(لاہور نیوز) نیشنل ای او سی کے مطابق ملک بھر کے 115 مخصوص اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔

مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ نیشنل ای او سی کے مطابق تربیت یافتہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔ پنجاب کے 13 مخصوص اضلاع میں 1 کروڑ 6 لاکھ، سندھ کے 30 اضلاع میں 1 کروڑ، خیبر پختونخوا کے 37 اضلاع میں 73 لاکھ اور بلوچستان کے 32 مخصوص اضلاع میں 23 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار جبکہ گلگت بلتستان کے 2 مخصوص اضلاع میں 1 لاکھ 37 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو مہم کے دوران پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔